English | کہانی سے کتاب تک پروگرام

کہانی سے کتاب تک پروگرام بچوں کو کہانیوں کے ذریعے اردو زبان سکھانے کا ایک طریقہ ہے۔ کہانیاں معلومات کا مجموعہ ہوتی ہیں جو اُن میں بیان کردہ واقعات اور کرداروں کی زندگی سے جوڑی جاتی ہیں۔ بچوں کے لیے کہانی کی صورت میں اِن واقعات اور کرداروں کی زندگی کی تفصیلات یاد رکھنا آسا ن ہوتا ہے۔ کہانیوں کے ذریعے بچوں میں سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت بھی پیدا ہوتی ہے۔ اس پروگرام کو مشرف علی فاروقی نے ترتیب دیا ہے جو ادیب، مترجم، اردو تھیسارس کے مدیر، اور ہارورڈ یونیورسٹی فیلو ہیں۔

پڑھانے کا طریقہ

کہانی سے کتاب تک پروگرام بچوں کو اُن کی عمر کی مناسبت سے لکھی گئی دلچسپ کتابوں کے ذریعے اردو کے کلاسیکی ادب اور اپنی لوک روایتوں سے متعارف کرانا ہے بچے یہ کتابیں پرائمری، مڈل، اور ہائی اسکول میں تین مرحلوں میں پڑھتے ہیں۔ یہ پروگرام کہانی سنانے اور کھیلوں کے ذریعے کتاب پڑھنے میں بچوں کی دلچسپی پیدا کرتا ہے۔ پڑھنے میں دلچسپی خود آموزی یا سیلف لرننگ کی پہلی سیڑھی ہے۔ ایک دفعہ بچے اس راہ پر چل پڑیں تو انھیں تعلیم حاصل کرنے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی۔ وہ خود بھی سیکھتے ہیں اور دوسروں کو بھی تعلیم دینے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ بچپن میں اِن کہانیوں اور قصّوں کے سننے اور پڑھنے میں گذارا ہوا وقت ادب میں بچوں کی دلچسپی ہمیشہ برقرار رکھتا ہے۔

پرائمری اسکول پروگرام

بچے ہر مہینے آسان زبان میں لکھی گئی ایک نئی تصویری کتاب پڑھیں گے۔اِن تصویری کتابوں کے ذریعے بچوں کی کہانیوں اور اُن کے کرداروں سے ایک بنیادی واقفیت ہوجائے گی۔

پہلی سے تیسری جماعت تک بچے کہانی میں دیے گئے الفاظ اور اُن جیسے، اور اُن سے ملتے جلتے معنی رکھنے والے دوسرے الفاظ یا مترادف الفاظ سیکھیں گے۔

چوتھی سے پانچویں درجے تک بچّے کہانی میں دیے گئےالفاظ اور اُن الفاظ کے الٹ معنی رکھنے والے الفاظ یا متضاد الفاظ سیکھیں گے ۔

دو مختلف امتحانوں کے ذریعے بچوں کی مترادف اور متضاد الفاظ سمجھنے کی صلاحیت جانچی جائے گی۔

فائدہ

کہانی کے تناظر میں مترادف اور متضاد الفاظ کو پڑھنے سے بچوں کے ذہن میں اُن کے معنی خوب واضح ہوجائیں گے۔

مترادف اور متضاد الفاظ میں تفریق کرنے کی صلاحیت بچوں کے الفاظ کے ذخیرے میں اضافہ کرے گی۔

الفاظ اور اُن کے مترادف جان کر بچوں کے لیے یہ کہانیاں اپنے لفظوں میں بیان کرنا آسان ہو جائے گا۔

کہانی بیان کرنے کی مشق اوراہلیت بچوں کے کلام و بیان میں اعتماد اور روانی پیدا کرے گی ۔

مڈل اسکول پروگرام

وہ کہانیاں جو بچے پرائمری اسکول میں پڑھ چکے ہوں گے اُنھیں مڈل اسکول میں وہ تفصیلی صورت میں دوبارہ پڑھیں گے۔ یہ کہانیاں زیادہ تفصیل سے پڑھنے پر بچوں کے ذہنوں میں ان کے پلاٹ اور کردار مزید پختہ ہوجائیں گے۔

بچے کہانیوں کے الفاظ سے متعلق محاورے سیکھیں گے۔

امتحانوں کے ذریعے بچوں کی محاورے سمجھنے کی صلاحیت جانچی جائے گی۔

فائدہ

محاوروں کے ذریعے بچے زبان کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہوں گے۔

محاوروں سے واقفیت بچوں کو زبان کاصحیح استعمال سکھائے گی۔

میٹرک/کیمبرج او-لیول اور اے-لیول پروگرام

نویں اور دسویں کلاس اور کیمبرج او-لیول اوراے-لیول کے بچے وہ کہانیاں جو آسان زبان میں پرائمری اور مڈل اسکول میں پڑھ چکے ہوں گے اپنے اصل متن اور اُن کے حواشی کے ساتھ پڑھیں گے۔ اصل صورت میں پڑھتے وقت بچوں کے لیے اِن کہانیوں کے پلاٹ اور کردار اجنبی نہیں ہوں گے۔

بچے کہانیوں کے الفاظ سے متعلق ضرب الامثال یا کہاوتیں سیکھیں گے۔

امتحانوں کے ذریعے بچوں کی ضرب الامثال اور کہاوتیں سمجھنے کی صلاحیت جانچی جائے گی۔

فائدہ

حواشی کی مدد سے متن پڑھنے پر بچوں کے لیے کلاسیکی زبان اور محاورے کاسمجھنا آسان ہوجائے گا۔

ضرب الامثال کے ذریعے بچے اُن کہانیوں سے واقف ہوں گے جو کہاوتوں میں پوشیدہ ہوتی ہیں۔

ضرب الامثال سے واقفیت سے اُن میں زبان کو موقع کی مناسبت سے استعمال کرنے کی مہارت بڑھے گی۔